تو ہے میرا خدا تو ہے میرا خدا سب سے بہتر ہے تیرا وسیلہ خدا

عزیز احمد وارثی (حیدر آبادی)

تو ہے میرا خدا تو ہے میرا خدا
سب سے بہتر ہے تیرا وسیلہ خدا

آسمان و زمیں تیرے زیر نگیں
حکم چلتا ہے عالم میں تیرا خدا

ابتدا بھی تو ہی انتہا بھی تو ہی
سارے عالم کا ہے تو ہی یکتا خدا

دیکھ کر جس کو انسان حیران ہے
تیری قدرت کا ہے وہ تماشا خدا

کچھ توقع کسی سے میں رکھتا نہیں
بس تری ذات پر ہے بھروسہ خدا

ذروں میں چاند سورج ستاروں میں تو
بندہ لکھے تری حمد کیا کیا خدا

تیرے رحم و کرم کا طلب گار ہے
یہ عزیز حزیں تیرا بندہ خدا