تیرے در پہ میری جھکی جبیں، تری شان جل جلالہ

ڈاکٹر مشرف حسین انجم (سرگودھا)

 

تیرے در پہ میری جھکی جبیں، تری شان جل جلالہ
مرے دل میں مولا ہے تو مکیں، تیری شان جل جلالہ

تری روشنی سے چمک اٹھا ہے یہ آسمان بھی خوب تر
تری قدرتوں سے سجی زمیں، تیری شان جل جلالہ

تری رحمتوں کی ردا رہے مرے سر پہ سایہ فگن مدام
تری ذات پر ہے میرا یقیں، تیری شان جل جلالہ

تری قدرتوں کے یہ رنگ ہیں، ترے حسن کے ہیں یہ شاہکار
جو ہیں آسماں پر جڑے نگیں، تیری شان جل جلالہ

تری یاد سے ہے سکون دل تو نگاہ میں بھی قرار ہے
ترا ذکر مولا ہے دلنشیں، تیری شان جل جلالہ

رہے تیرے انجمؔ زار پر بھی کرم وہ تیرا مرے کریم!
کہ یہ دل نہ پھر ہو کبھی حزیں، تری شان جل جلالہ