خداوند!ہمیں شیدائی دین ھدیٰ کردے الٰہی! خدمت اسلام کا جذبہ عطا کردے

ناوکؔ حمزہ پوری

خداوند!ہمیں شیدائی دین ھدیٰ کردے
الٰہی! خدمت اسلام کا جذبہ عطا کردے
حصولِ علم کی سچی لگن کردے عطا یارب
ہمیں آراستہ حسن عمل سے اے خدا کردے
فرائض پرعمل کرنے کی توفیق دے اے مولیٰ
خدا ہم کو پابند طریق مصطفیؐ کردے
اوامر پر عمل پیرارہیں تازیست ہم یارب
نواہی سے ہمیں بیزار یارب العلا کردے
الٰہی صرف تجھ سے استعانت کے ہیں طالب ہم
خدا یا صرف اپنے آگے ہم کو جبہ سا کردے
صراط مستقیم دیں پہ چلنا ہم کو آجائے
خدایا ہم پہ اپنی نعمتوں کا باب وا کردے
ہمارے سینے ہوں صدق و صفا کے نور سے روشن
ہمارے دل کو یارب مرکز مہرو وفا کردے
عطا کر دے مسلمانوں کو یارب سربلندی پھر
الٰہی بول بالا عالم اسلام کا کردے
دعائے حضرت ناوکؔ پہ ہم آمین کہتے ہیں
نگاہِ لطف ہم پر اے جناب کبریا کردے