خداوند ہمیں نصرت عطا کر ہمیں اسلاف کی قوت عطا کر

کوثرنیازی

خداوند ہمیں نصرت عطا کر
ہمیں اسلاف کی قوت عطا کر

کسی افتاد سے گھبرا نہ جائیں
ہمیں صدیقؓ کی جرأت عطا کر

ہماری کفر پر چھا جائے ہیبت
ہمیں فاروقؓ کی سطوت عطا کر

ہمیں ہونے نہ دے محتاجِ اغیار
ہمیں عثمانؓ کی ثروت عطا کر

نیا خیبر ہمارے سامنے ہے
علیؓ کی قوت و ہمت عطا کر

ہمارے ہاتھ سے دشمن فنا ہو
ہمیں محمود کی شوکت عطا کر