دے جو غم سے نجات یااللہ ہے وہ تیری ہی ذات یااللہ

منوربدایونی

دے جو غم سے نجات یااللہ
ہے وہ تیری ہی ذات یااللہ

تجھ سے بڑھ کر کوئی رحیم نہیں
تو ہے بالا صفات یااللہ

تیری قدرت میں تیرے قبضے میں
سب کی موت و حیات یااللہ

تیرے فرمان سب سے افضل ہیں
ہے انہیں میں نجات یااللہ

ہر مسلمان پر رہے ہردم
سایۂ عینِ ذات یااللہ

تیرے در سے قبول ہوتی ہے
دل سے نکلے جو بات یااللہ

یہ مناجات جو پڑھے دل سے
پائے راہِ نجات یااللہ

میری نعتیں قبول فرمالیں
سرور کائناتؐ یااللہ