سارے عالم کا پاسباں ہے وہ پوری دنیا پہ مہرباں ہے وہ

حضرت مولانا وجیہ الدین احمد خاں قادری مجددی وجیہؔ:
تلمیذ حضرت وزیرؔ رام پوری (پیدائش1889ء وفات1987 ء)

سارے عالم کا پاسباں ہے وہ
پوری دنیا پہ مہرباں ہے وہ
مالکِ ملک ددجہاں ہے وہ
جلوہ ظاہر ہے اور نہاں ہے وہ
مالک الملک لا شریک لہٗ
وحدہٗ لا الٰہ الاّ ہوٗ

اس نے حیواں کو زندگی بخشی
اس نے انساں کو زیرکی بخشی
اس نے روحوں کو تازگی بخشی
اس نے عقلوں کو روشنی بخشی
مالک الملک لا شریک لہٗ
وحدہٗ لا الٰہ الاّ ہوٗ

آب جو اور اس کا ہر قطرہ
ریگ صحرا اور اس کا ہر ذرہ
باغ و گلشن اور اس ہر سبزہ
پھول کہتے ہیں اور ہر غنچہ
مالک الملک لا شریک لہٗ
وحدہٗ لا الٰہ الاّ ہوٗ

تو ہی حاجت روا ہے اے آقا
تو ہی مشکل کشا ہے اے آقا
تو ہی جاں کی دوا ہے اے آقا
تو ہی دل کی جلا ہے اے آقا
مالک الملک لا شریک لہٗ
وحدہٗ لا الٰہ الاّ ہوٗ