’’عقیدت کا سفر‘‘ تذکرہ نگار…حمایت علی شاعر

’’عقیدت کا سفر‘‘
تذکرہ نگار…حمایت علی شاعر

حمایت علی شاعر کا شمار پاک و ہند کے معروف شعراء میں ہوتا ہے اُن کے کئی شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔نثری تصانیف بھی منظر عام پر آکر پذیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ ۱۹۹۹ء اُن کے لیے بڑا اہم برس ثابت ہوا ،انہوں نے ایک بہت بڑا کارنامہ انجام دیا جو کہ دنیائے نعت کے لیے ایک سرمایہ ہے۔سات سو سالہ نعتیہ شاعری پر محیط تذکرہ’’عقیدت کا سفر‘‘اُن کی یادگار و شاندار و بے مثال تحقیق و تالیف ہے۔انہوں نے اپنی تحقیق کا دائرہ ۷۲۱ھ تا ۱۳۹۸ھ مطابق ۱۳۰۰ء تا ۱۹۷۷ء تک وسیع رکھا ہے۔انہوں نے اُردو کی مانگ سنوارنے والے اور پھر اُن کے بعد اردو کو بامِ عروج تک پہنچانے والے نیز اُردو نعتیہ ادب کے حوالے سے معتبر و اہم شعراء کرام کا تعارف و کلام شامل کیا ہے۔’’عقیدت کا سفر‘‘میں شامل شعراء کرام کے اسمائے گرامی ملاحظہ فرمائیے :
سید محمد حسینی،فخر الدین نظامی،محمد قلی قطب شاہ،خوب محمد گجراتی،ملاوجہی،عبداللہ قطب شاہ، نصرتی،سید میراں ہاشمی،ولی دکنی،سید محمود بحری،سید محمد فراقی،فاضل بٹالوی،سراج اورنگ آبادی،محبوب عالم،مرزا محمد رفیع سودا،میر حسن،میر تقی میر،شیخ قلندر بخش جرت،مرزا جان طیش،انشاء اللہ خاں انشاء،غلام ہمدانی مصحفی،سچل سرمست،محمد اسماعیل شہید،نظیر اکبر آبادی، سعادت یار خاں رنگین،میر غلام علی مائل،شیخ امام بخش ناسخ،کرامت علی شہیدی،سید علی شاہ غمگین،مومن خاں مومن،شیخ ابراہیم ذوق،بہادر شاہ ظفر،مصطفی خاں شیفتہ، شاہ خاموش،میر ببر علی انیس،مرزا دبیر،اختر محل بیگم اختر،بیگم کیفی،نصر پھلواری،غلام امام شہید،قلق میرٹھی،قاسم نانوتوی،لطف بریلوی،مرزا فتح علی بیگ فتح،اللہ داد خاں لغاری صوفی، عبدالغفور نساخ،واحد علی وحید ہسوی،امداد اللہ خاں مہاجر مکی،امیر مینائی،میر مہدی مجروح،ذکریا خاں ذکی دہلوی،غلام محمد شاہ گدا،مرزا خاں داغ دہلوی،محسن کاکوروی،محسن کاکوروی،میاں داد خاں سیاح،حسن رضا خاں حسن بریلوی،شبلی نعمانی،احمد حسین مائل ابوالعلائی، خواجہ الطاف حسین حالی،محمد اسماعیل میرٹھی،احمد رضا خان بریلوی،شاد عظیم آبادی،غلام مصطفی عشقی،اسیر بدایونی،شاہ ولایت علی عزیز،احقر بہاری،اکبر میرٹھی،محمد علی جوہر،بے نظیر شاہ وارثی،ریاض خیر آبادی،عزیز لکھنوی،قیس آروی،اصغر گونڈوی،علامہ اقبال،سید اعظم علی شائق،عبدالباری آسی لکھنوی،احسن مارہروی،آغا شاعر قرزلباش، اکبر الہ آبادی،بہادر یار جنگ خلق،بیدم وارثی،سائل دہلوی،سہیل اعظم گڑھی،جلیل مانک پوری،اختر شیرانی،حسرت موہانی،آرزو لکھنوی،صفی لکھنوی،سیماب اکبر آبادی،سید سلیمان ندوی،صفی اورنگ آبادی،وحشت کلکتوی،مناظر احسن گیلانی،ظفر علی خاں،سید علی اختر حیدر آبادی،سردار عبدالرب نشتر،ابوالکلام آزاد،عبدالمجید سالک،جگر مراد آبادی،نوح ناروی،امجد حیدر آبادی،ہادی مچھلی شہری،حمید عظیم آبادی،شکیل بدایونی،تمنا عمادی،سراج الدین ظفر،حفیظ ہوشیار پوری،بہزاد لکھنوی،صوفی غلام مصطفی تبسم،سید آل رضا،سعیدہ مظہر عروج اور ماہر القادری شامل ہیں۔
’’عقیدت کا سفر‘‘کو موصوف نے مرحوم شعراء کے ذکراور کلام سے مزین و منور کیا ہے۔ اُن کی کوشش یہی رہی کہ ۱۹۷۸ء تک کے شعراء کی نمائندگی ہوجائے۔انہوں نے شعراء کی ترتیب بھی بہ اعتبار وفات قائم کی ہے۔اس سے قطع نظر کہ ’’عقیدت کا سفر‘‘۱۹۹۹ء میں شائع ہوئی حمایت علی شاعر کا مذکورہ مقالہ ۱۹۷۸ء میں ’’صریر خامہ‘‘کے نعت نمبر میں شائع ہو چکا ہے۔حمایت علی شاعر نے انتہائی عرق ریزی سے یہ کام کیا ہے اُن کی یہ کاوش قابلِ تعریف بھی ہے اور لائقِ تحسین بھی۔
المختصر یہ کہ’’عقیدت کا سفر‘‘اردو نعتیہ ادب میں بیش بہا خزانہ ہے۔نعتیہ تذکروں میں ’’عقیدت کا سفر‘‘کو منفرد مقام حاصل رہے گا۔ہم حمایت علی شاعر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں نیز دنیائے ادب پبلی کیشنز اور اس کے روح رواں اوج کمال کو اتنی اہم و یادگار کتاب شائع کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔کتاب ۲۴۲صفحات پر مشتمل ہے، قیمت درج نہیں۔
٭٭٭٭٭