مری مشکل کو آسان اے مرے مشکل کشا کردے

غافل اجمیری

مری مشکل کو آسان اے مرے مشکل کشا کردے
محمد مصطفیؐ صلِّ علیٰ کا واسطہ کردے

کرم کردے کرم کردے خطائیں عفو فرمادے
در جود و سخا ہم پر بھی اے معبود وا کردے

بہت مجبور ہوں رنجور ہوں غم کا ستایا ہوں
ترے محبوبؐ کا صدقہ میری حاجت روا کردے

تو مالک ہے ہراک شے کا تو خالق ہے ہراک شے کا
ترے قبضے میں سب کچھ ہے جو تو چاہے عطا کردے

میں اک مدت سے قیدوبند دنیا میں مقید ہوں
الٰہی اب تواس جنجال سے مجھ کو رہا کردے

نہ میں جنت کا طالب ہوں نہ طالب حوروغلماں کا
مری قسمت میں اے خالق دیارِ مصطفیؐ کردے

میں غافل ہوں مجھے غم سے نجات دائمی دے دے
تری بخشش کا طالب ہوں مجھے خوشیاں عطا کردے