میری دنیا روشن کر اے رب عقبیٰ روشن کر

میری دنیا روشن کر
اے رب عقبیٰ روشن کر
تعبیر لا ثانی دے
خواب سنہرا روشن کر
منزل تک میں جا پہنچوں
میرا رستہ روشن کر
مجھ کو ارادہ پکا دے
میری تمنا روشن کر
علم کی دولت دے مجھ کو
ظرف خرد کا روشن کر
راہ دکھاؤں میں سب کو
جگنو جیسا روشن کر
راتوں کو تابانی دے
شام سویرا روشن کر
ذہن میں میرے حمد کا دیپ
خالق یکتا روشن کر
اے ابرارؔ اٹھا کر ہاتھ
حرف دعا کا روشن کر