پاکستان کے نعت گو شعراء حصّہ دوم تذکرہ نگار… سیّد محمد قاسم

پاکستان کے نعت گو شعراء حصّہ دوم
تذکرہ نگار… سیّد محمد قاسم

سیّد محمد قاسم کا تذکرہ ’’پاکستان کے نعت گو شعراء‘‘ (جلد اوّل) ۱۹۹۳ء میں کراچی سے ہارون اکیڈمی نے شائع کیا ۳۶۸ صفحات پر مشتمل اس کتاب میں ۱۰۰ صاحب کتاب نعت گویان اردو کا تذکرہ شامل ہے۔
سید محمد قاسم نے کئی برس کی محنت و لگن کے بعد یہ کام مکمل کیا ۔ اس راہ میں جہارحمتوں کی بارشیں ہیں وہیں پر خار راستے بھی جن پر سے گزرنا ہر اس مسافر کا مقدر ہے جو رضائے الٰہی کے لیے سفر پر نکلا ہو مگر حقیقت تو یہ ہے کہ سب مصائب و آلام عارضی ہوتے ہیں یہ رکاوٹیں مختصر وقت کے لیے ہوتی ہیں۔ وگرنہ اس سفر نور کے مسافر کے لیے اللہ ربُّ العزّت نے انعام و اکرام کے انبار لگا رکھے ہیں۔ اللہ عزّوجل نے سیّد محمد قاسم کو ’’پاکستان کے نعت گو شعراء‘‘ کی جلد دوم کی صورت میں ایک انمول انعام دیا ہے۔ جس پر سیّد محمد قاسم اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔جلد دوم میں بھی ۱۶۶ شعراء کرام کا تذکرہ سید محمد قاسم نے اپنے مخصوص انداز میں بڑی مہارت سے کیا ہے۔
انہوں نے شعرا کرام کے نعتیہ کلام کے انتخاب میں بھی محتاط رویہ اختیار کیا۔سیّد محمد قاسم کی ’’پاکستان کے نعت گو شعرا‘‘ کی دونوں جلدیں دنیائے نعت میں نہ صرف یہ کہ شاندار اضافہ ہیں بلکہ تاریخ اردو نعت کا یادگار اثاثہ ہیں۔سیّد محمد قاسم کو ان کی مساعیٔ جمیلہ پر پُر خلوص دعائیں اور دلی مبارک باد!
پاکستان کے نعت گو شعراء (جلد دوم) کو وطن عزیز پاکستان کے مشہور ادارے ’’حرا فائونڈیشن پاکستان‘‘ اپنے روح رواں ممتاز ادیب و صحافی شبیرا حمد انصاری کی نگرانی میں شائع کرنے کا اہتمام کررہی ہے۔ حرا فائونڈیشن پہلے بھی بیسیوں معیاری کتابیں شائع کرچکی ہے۔ مثلاً نامور ادیب و محقق ڈاکٹر حسرت کاسگنجوی۔۔ ڈاکٹر عزیز انصاری۔۔ ممتاز ادیب و شاعر و نقاد سرشار صدیقی۔۔ معروف شاعر تنویر پھول۔۔ راقم طاہر سلطانی ۔۔ رائو مبین علیگ رائو عبداللہ عزمی اور کوثر بریلوی کی کتابیں شامل ہیں۔ان کے علاوہ یہ ادارہ دیگر کتب بھی شائع کرچکا ہے۔ ادبی حلقوں بالخصوص نعتیہ و ادبی حلقے میں ’’حرافائونڈیشن پاکستان‘‘ اور ان کے روح رواں ڈاکیٹر نظر کامرانی اور شبیر احمد انصاری کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ہم سیّد محمد قاسم اور جناب شبیر احمد انصاری کو’’پاکستان کے نعت گو شعرا‘‘ جلد دوم کی اشاعت پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭